نئی دہلی،14؍اپریل (ایس او نیوز؍یواین آئی) لوک سبھا کے اب تک ہو ئے انتخابات میں سب سے بڑی جیت کا ریکارڈ مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے انل باسو کے نام ہے جو انہوں نے2004کے انتخابات میں بنایا تھا۔سات بار لوک سبھا رکن رہے انل باسو نے2004میں مغربی بنگال کے آرام باغ سیٹ سے اپنے قریبی حریف بھارتیہ جنتا پارٹی کے سوپن کمار نندی کو502,92,5ووٹوں سے ہرایا تھا۔ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں سب سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے جیت درج کرنے والے وزیر اعظم نریندر مودی اس ریکارڈ کے پاس تک پہنچے تھے لیکن اسے پار نہیں کر پائے ۔مسٹر مودی گجرات کے وڈودرا سے570128ووٹوں سے جیتے تھے۔وہ وارانسی سے بھی لوک سبھا انتخابات جیتے تھے . انہوں نے وڈودرا سیٹ بعد میں چھوڑ دی تھی۔
سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے نام بھی ایک عام انتخابات میں سب سے زیادہ فرق سے الیکشن جیتنے کا ریکارڈ درج ہے . انہوں نے 1984کے عام انتخابات میں اتر پردیش کے امیٹھی میں اپنی قریب ترین حریف مینکا گاندھی کو 314878ووٹوں سے شکست دے کر یہ ریکارڈ بنایا تھا۔لوک جن شکتی پارٹی کے صدر رام ولاس پاسوان کے نام ایک ایسا ریکارڈ ہے جو شاید ہی کوئی توڑ پائے ۔وہ دو بار عام انتخابات میں سب سے زیادہ فرق سے الیکشن جیتنے کا کرشمہ کر چکے ہیں۔ مسٹر پاسوان نے1989کے عام انتخابات میں بہار کی حاجی پور سیٹ سے اپنے قریبی امیدوار کو 504448 ووٹوں سے شکست دی تھی اور اس انتخابات میں سب سے زیادہ ووٹوں سے کامیابی حاصل کرنے والے امیدوار بنے تھے ۔ اسی طرح1977کے عام انتخابات میں انہوں نے اسی سیٹ پر بھارتیہ لوک دل کے امیدوار کی حیثیت سے 424545ووٹوں سے کامیابی حاصل کر کے اس بار کے انتخابات میں ریکارڈ بنایا تھا۔اور لاکھ سے زیادہ ووٹوں سے الیکشن جیتنے والوں میں کانگریس کے سنتوش موہن دیو بھی شامل ہیں۔
انہوں نے 1991کے عام انتخابات میں تری پورہ کی تری پورہ (مغرب) سیٹ پر 428984ووٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی اور اس عام انتخابات میں سب سے زیادہ فرق سے فتح حاصل کرنے کا ریکارڈ بنایا تھا۔دیگر انتخابات کی بات کی جائے تو 2009 میں ہوئے پندرہویں لوک سبھا انتخابات میں ناگالینڈ پیپلز فرنٹ کے سی ڈبلیو چانگ ناگالینڈ سیٹ پر 483021ووٹوں سے کامیابی حاصل کر کے پہلے نمبر پر رہے تھے ۔ اسی سیٹ پر 1999میں کانگریس کے کے اسگنوا سگتام نے اپنے قریب ترین امیدوار کو 353598 ووٹوں سے شکست دی جو اس عام انتخابات میں سب سے زیادہ فرق سے الیکشن جیتنے کا ریکارڈ بنا۔سال 1998میں ہوئے لوک سبھا انتخابات میں اس طرح کا ریکارڈ بی جے پی کے ولبھ بھائی رام جی بھائی کٹھیریا نے بنایا تھا۔ انہوں نے گجرات کی راج کوٹ سیٹ پر 354187ووٹوں سے جیت درج کی تھی۔سال 1996 کے عام انتخابات میں ڈی ایم کے کے این وی این سومو تمل ناڈو کی مدراس (شمال) سیٹ پر 389617ووٹوں سے کامیابی حاصل کرکے پہلے نمبر پر رہے تھے ۔سال 1962کے بعد سے ہوئے مختلف لوک سبھا انتخابات میں سب سے زیادہ ووٹوں سے الیکشن جیتنے کا ریکارڈ درج کرنے والے امیدواروں میں گائتری دیوی تنہاخاتون ہیں۔ انہوں نے 1962کے عام انتخابات میں جے پور سے سوتنترپارٹی کے امیدوار کی حیثیت سے 157692ووٹوں کے فرق سے جیت درج کی تھی اور اس عام انتخابات میں پہلے نمبر پر رہی تھیں۔ اس طرح کا ریکارڈ ایک آزاد امیدوار کے بھی نام ہے ۔مہاراجہ مارتنڈ سنگھ نے 1980کے عام انتخابات میں مدھیہ پردیش کی ریوا سیٹ پر آزاد امیدوار کی حیثیت سے 238351ووٹوں سے کامیابی حاصل کرکے پہلے نمبر پر رہے تھے ۔